ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / فرضی مارکس کارڈ فروخت کرنے والی ٹولی بے نقاب، پانچ ملزمین گرفتار، ملک بھر میں 180 ایجنٹوں کی تلاش

فرضی مارکس کارڈ فروخت کرنے والی ٹولی بے نقاب، پانچ ملزمین گرفتار، ملک بھر میں 180 ایجنٹوں کی تلاش

Sat, 06 May 2017 01:23:12    S.O. News Service

بنگلورو:5/مئی(ایس او  نیوز) شہر کی سنٹرل کرائم برانچ پولیس نے ملک کی 38 سے زائد یونیورسٹی اور کالجوں کے فرضی مارکس کارڈ بنانے والے ایک جال کو بے نقاب کرتے ہوئے ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔ملک کی تمام ریاستوں میں جائین از فار ایجوکیشن نامی ادارہ کے تحت فرضی مارکس کارڈ کا نیٹ ورک چلانے والے ملزمین کی طرف سے کسی بھی کورس کیلئے مقررہ رقم لے کر مارکس کارڈ فروخت کردیا جاتا۔ سی سی بی کے ڈی سی پی آنند کمار نے یہ بات بتائی۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں کنال کمار منڈل، دیپانکر سین، اترپردیش کے سورب کمار شرما، دہلی کے سندیش اگروال اور دیگر ملزمین کو گرفتار کرلیا گیاہے۔ بتایاجاتا ہے کہ یہ گزشتہ چار پانچ سال سے اس دھندے میں ملوث تھے۔ گزشتہ دو تین سال سے انہوں نے 1.6لاکھ سے زائد فرضی مارکس کارڈ فروخت کئے ہیں، ان میں پوسٹ گریجویشن کے مارکس کارڈ کافی زیادہ ہیں۔ بتایا جاتاہے کہ مختلف بڑی بڑی کمپنیوں میں برسر روزگار امیدواروں کی طرف سے کمپنیوں میں پرموشن کیلئے یا پھر اور اچھی ملازمت پانے کیلئے ان سے یہ سرٹی فکیٹ تقریباً ایک لاکھ روپے ادا کرکے خریدی جاتیں۔ شہر کے منی پال سنٹر کے نارتھ بلاک میں جائین از فار ایجوکیشن کا دفتر واقع ہے، جہاں سے امیدواروں کو فرضی مارکس کارڈ فروخت کئے جاتے تھے۔اس معاملے کی تحقیقات کرتے ہوئے خصوصی پولیس ٹیم نے ایک نجی کالج کے ملازم دیپانکر سین کو پہلے گرفتار کرکے اس سے پوچھ تاچھ کی تو یہ بات سامنے آئی کہ اترپردیش کے غازی آباد کی آر پی ایس اسکول سے وابستہ گاؤرو کمار اس کا سرغنہ ہے۔ گاؤرو کمار کو گرفتار کرکے جب پوچھ تاچھ کی گئی تو اس نے بتایا کہ اس کا اصلی نام ساؤرو شرما ہے، اور وہ دہلی کے وردمان مال میں اسی کام کیلئے ایک دفتر چلارہا ہے، ملک بھر میں وہ فرضی سرٹی فکیٹ فراہم کرتا ہے، اس کی اطلاع پر ایک اور ملزم سندیش اگروال کو گرفتار کرلیا گیا، اس نے بتایاکہ فرضی سرٹی فکیٹ کی فراہمی کیلئے ملک بھر میں اس نے 180 ایجنٹ مقرر کئے ہیں، 38 یونیورسٹیوں کے فرضی سرٹی فکیٹ ان کی کمپنی سے فراہم کئے جاتے ہیں۔ سی سی بی نے ان ملزمین کو پوچھ تاچھ کیلئے اپنی تحویل میں لے لیا ہے، ان کے پاس سے آندھرا پردیش بورڈ آف سکینڈری ایجوکیشن کے 100سرٹی فکیٹ، ترولوور یونیورسٹی کے 19 سرٹی فکیٹ، کرناٹکا اوپن یونیورسٹی کے 38 سرٹی فکیٹ سمیت مختلف یونیورسٹیوں کے 836 فرضی سرٹی فکیٹس کے علاوہ مختلف یونیورسٹیوں کی مہریں، پروفیسرس کے دستخط، ہالو گرام، خالی اسناد، کمپیوٹر پرنٹر، موبائل فونس، لیاب ٹاب وغیرہ ضبط کئے گئے ہیں۔اس جال سے جڑے 180ایجنٹوں کی گرفتاری کیلئے ریاستی پولیس نے تمام ریاستوں کی پولیس سے رابطہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی آنے والے دنوں میں اس ٹولی سے سرٹی فکیٹ حاصل کرنے والے امیدواروں کا تعاقب کرنے کا سلسلہ بھی شروع کیا جائے گا۔


Share: